نیویارک (لارڈ میڈیا): اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں اتوار کو پولیس سٹیشن کے باہر ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ کونسل نے اس حملے کو گھناؤنا اور بزدلانہ فعل قرار دیتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ، پاکستان حکومت اور عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات بھی پیش کی گئی ہیں۔
سلامتی کونسل نے دہشت گردی کی ان کارروائیوں کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں، اور مالی معاونین کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ کونسل نے تمام ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتِ پاکستان اور متعلقہ حکام کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
سلامتی کونسل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے اور تمام ریاستیں دہشت گردی کے خطرات کا ہر ممکن ذریعے سے مقابلہ کریں۔
واضح رہے کہ اتوار کو ایک خودکش حملہ آور نے سوات میں پولیس سٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس اہلکار نے بروقت کارروائی کی جس پر حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ حملے کے وقت پولیس سٹیشن کے قریب ایک امن ریلی بھی جاری تھی۔


