ڈھاکہ (لارڈ میڈیا): بنگلادیش کے سابق کپتان شکیب الحسن کے آبائی گھر پر مشتعل افراد نے حملہ کر کے آگ لگا دی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ ضلع ماگورا میں پیش آیا تاہم گھر اس وقت خالی تھا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حملہ آوروں نے کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے اور پیٹرول بم پھینکے، جس کے نتیجے میں مکان کی بالائی منزل پر آگ بھڑک اٹھی۔
یہ حملہ اس وقت پیش آیا جب بنگلادیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے عوامی میڈیا پروگرام سے خطاب کیا جس میں شکیب الحسن بھی ورچوئل طور پر شریک ہوئے۔
شیخ حسینہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ دسمبر میں بنگلادیش واپس آئیں گی، چاہے انہیں جیل جانا پڑے یا جان کا خطرہ ہو۔
شکیب الحسن 2024 میں عوامی لیگ کے ٹکٹ پر رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے، تاہم حکومت کی تبدیلی کے بعد سے ملک سے باہر ہیں اور ان کے خلاف متعدد مقدمات زیرِ تفتیش ہیں۔


