مظفرآباد (لارڈ میڈیا): پاکستان پیپلزپارٹی نے ایل اے-28 کے 71 پولنگ سٹیشنز پر انتخابی عملہ نہ پہنچنے پر الیکشن کمیشن کو شکایت ارسال کی ہے۔ پارٹی کے آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن سیل کے انچارج سردار عبدالشکور نے حلقہ ایل اے-28 میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار سید بازل نقوی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو باضابطہ تحریری شکایت ارسال کی ہے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ ان پولنگ سٹیشنز پر عملہ مقررہ وقت تک نہ پہنچ سکا جس کے باعث پولنگ کا آغاز نہیں ہو سکا۔ اس وجہ سے ووٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کئی شہریوں کے حق رائے دہی سے محروم ہونے کا خدشہ ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام متاثرہ پولنگ سٹیشنز پر فوری طور پر عملہ تعینات کیا جائے اور پولنگ کے ضائع ہونے والے وقت کی تلافی کے لئے پولنگ کے اوقات میں توسیع کی جائے۔ پارٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ تمام متاثرہ پولنگ سٹیشنز کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جائے اور پولنگ شروع ہونے کے اصل وقت کو دستاویزی شکل دی جائے۔
پارٹی نے اس انتظامی غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسی صورتحال سے بچا جا سکے۔


