کیف (لارڈ میڈیا): یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ روس نے گزشتہ رات یوکرین پر کیے گئے میزائل حملوں میں ممکنہ طور پر شمالی کوریا کے تیار کردہ بیلسٹک میزائل استعمال کیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس نے گزشتہ شب یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت مختلف شہروں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، جن کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ صدر زیلنسکی نے کہا کہ ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حملوں میں استعمال ہونے والے بعض میزائل ممکنہ طور پر شمالی کوریا کے تھے۔
متعلقہ ادارے ہتھیاروں کا تکنیکی جائزہ لے رہے ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ روس پر شمالی کوریا کے ہتھیار استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہو۔ روس اور شمالی کوریا نے ماضی میں ایسے الزامات کی تردید کی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر ان دعوؤں کی تصدیق ہو جاتی ہے تو اس سے روس اور شمالی کوریا کے درمیان دفاعی تعاون سے متعلق عالمی خدشات بڑھ سکتے ہیں۔


