لاہور (لارڈ میڈیا) : لاہور کی نجی سوسائٹی میں امریکن نیشنل خاتون اور اس کے تین بچوں کے قتل کا معمہ حل ہوگیا ہے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے بتایا ہے کہ خاتون خود اپنے بچوں کے قتل کی مرکزی ملزمہ نکلی۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ بچوں کے قتل میں مزید دو ملزمان بھی شامل ہیں جنہیں گرفتار کرلیا گیا ہے، ان میں ایک کیمیکل شاپ کا مالک اور ایک رائیڈر شامل ہیں۔
ان کے مطابق خاتون ذہنی مریضہ تھی اور اس نے کیمیکل کا استعمال کر کے بچوں کو قتل کیا۔ خاتون نے بچوں کو آئس کریم میں پوٹاشیم سائنائڈ ملا کر زہر دیا اور خود بھی کھایا۔
خاتون کے شوہر ناصر کا بھی پولی گرافک ٹیسٹ کیا گیا ہے۔ تفتیش اور فرانزک رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ خاتون نے خودکشی کی کوشش کی۔
ڈی آئی جی نے مزید بتایا کہ خاتون علینہ خودکشی کے طریقے آن لائن تلاش کر رہی تھی اور اس کا علاج بھی جاری تھا۔ پولیس نے کیس کی مکمل تفتیش کی ہے اور ایف بی آئی بھی معاملے میں شامل ہوئی ہے۔


