انگلینڈ (لارڈ میڈیا): انگلینڈ میں جاری ‘دی ہنڈرڈ’ لیگ کے دوران بھارتی کرکٹر جمائما روڈریگز اور پاکستانی کپتان فاطمہ ثناء کی ملاقات نے شائقین کی توجہ حاصل کر لی۔ دونوں کھلاڑیوں نے میچ کے اختتام پر ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور پھر گلے مل کر کھیل میں باہمی احترام اور دوستی کی مثال قائم کی۔ یہ منظر ایک ایسے وقت میں دیکھا گیا جب حالیہ عرصے میں بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ تعلقات میں سرد مہری پائی جا رہی ہے۔
پہلگام حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھی، جس کا اثر کرکٹ میدان میں بھی محسوس کیا گیا۔ بھارتی حکومت کی سخت ہدایات کے تحت مردوں اور خواتین کی ٹیموں نے حالیہ بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں سے روایتی مصافحہ کرنے سے گریز کیا تھا۔
واضح رہے کہ جمائما روڈریگز ‘سدرن بریو ویمن’ جبکہ فاطمہ ثناء ‘برمنگھم فینکس ویمن’ کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ دونوں کی یہ ملاقات یاد دہانی کرتی ہے کہ بین الاقوامی کشیدگی کے باوجود مختلف فرنچائز لیگز میں کھلاڑی باہمی احترام اور دوستانہ تعلقات برقرار رکھتے ہیں۔


