لاہور (لارڈ میڈیا): چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت پی ایس ایل انتظامیہ اور فرنچائز مالکان کا اجلاس ہوا جس میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے کامیاب انعقاد کا جائزہ لیا گیا۔ اس میٹنگ میں چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضٰی اور ڈائریکٹر عثمان واہلہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔ شرکا نے پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین اور ان کی ٹیم کو سراہا۔
اجلاس میں آئندہ ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن کی تیاریوں پر بھی گفتگو کی گئی۔ آنے والے سیزن کے لیے ونڈو، پلیئنگ کنڈیشنز، ڈائریکٹ سائننگ اور ریٹینشنز کے حوالے سے جلد ورکشاپس منعقد ہوں گی۔
اجلاس میں گیارہویں سیزن کے 44 میچز میں کرکٹ کے معیار کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 میں سوشل میڈیا، سٹریمنگ پلیٹ فارمز اور ٹی وی پر ریکارڈ ویورشپ آئی۔ اجلاس میں آف سیزن اور پری سیزن میں فینز کے لیے متعدد سرگرمیوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ پی ایس ایل اور تمام آٹھ فرنچائزز کے باہمی اشتراک سے لیگ کا آفیشل مرچنڈائز پلیٹ فارم بھی لانچ کیا جائے گا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کا اہم اجلاس اگست کے آخری ہفتے میں منعقد ہوگا جبکہ گورننگ کونسل کی میٹنگ کی جگہ اور وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔


