کوئٹہ (لارڈ میڈیا): کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے بعد 34 کان کنوں کی موت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق، کان میں پھنسے 42 افراد میں سے 34 جاں بحق ہو چکے ہیں اور ان کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
سورینج کے علاقے میں دھماکے کے بعد متعدد کان کن پھنس گئے تھے۔ ابتدائی طور پر کان سے 18 کان کنوں کی لاشیں نکالی گئی تھیں، جبکہ بعد میں مزید 16 لاشیں بھی برآمد ہوئیں۔
صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز شعیب نوشیروانی نے کہا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں دشوار حالات کے باوجود آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ متاثرہ کان میں پھنسے مزدوروں تک رسائی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
شعیب نوشیروانی نے مزید بتایا کہ جاں بحق کان کنوں کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہیں اور انہیں فی کس 5 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا جبکہ زخمیوں کو 3 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ حادثے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جائیں گی۔
کوئلہ کان کے مالک نے بتایا کہ کان میں میتھین گیس کے باعث دھماکا ہوا تھا اور اس وقت 42 مزدور کان میں موجود تھے۔ تمام مزدور خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ سے تعلق رکھتے تھے۔


