بغداد (شِنہوا) امریکہ اور سعودی عرب کے بدھ کی صبح مشترکہ حملوں میں عراق کی پیرا ملٹری پاپولر موبلائزیشن فورسز (پی ایم ایف) کے کم از کم 15 اہلکار مارے گئے۔
عراقی وزارت داخلہ کے ایک سکیورٹی ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر شِنہوا کو بتایا کہ حملوں میں بصرہ، دیالیٰ، صلاح الدین، نینویٰ اور کربلا صوبوں میں واقع پی ایم ایف کے ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد مارے گئے۔
بدھ کو جاری ہونےوالے ایک بیان میں پی ایم ایف نے ان حملوں کو انتہائی خطرناک کشیدگی اور عراق کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ حکام زمینی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ نقصانات کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے۔
ایک الگ بیان میں پی ایم ایف کی نینویٰ آپریشنز کمانڈ نے کہا ہے کہ صوبہ نینویٰ کے دارالحکومت موصل کے قریب نینویٰ پلین ایریا میں واقع 30ویں بریگیڈ کی چوتھی بٹالین کے ہیڈکوارٹر اور اینٹی آرمر ڈائریکٹوریٹ کو بدھ کی علی الصبح سات فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
بیان کے مطابق ان حملوں میں 30ویں بریگیڈ کے 8 اہلکار اور اینٹی آرمر ڈائریکٹوریٹ کے 2اہلکار جاں بحق جبکہ 6 دیگر زخمی ہوئے۔


