کویت (لارڈ میڈیا): کویت اور پاکستان کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کا معاہدہ ہوگیا ہے اور کویتی حکومت نے اس کی منظوری دے دی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق باضابطہ منظوری سرکاری گزٹ میں شائع کردی گئی ہے، جسے حکم نامہ نمبر 73 آف 2026 کے تحت جاری کیا گیا ہے۔ معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔
معاہدے کے مطابق دونوں ممالک کے قوانین اور ضوابط کے تحت فوجی تربیت، تعلیم اور مسلح افواج میں تعاون کا فریم ورک قائم کیا جائے گا۔ اس میں فوجی تربیت و تعلیم، لاجسٹک تعاون اور فوجی اہلکاروں کے تبادلے شامل ہوں گے۔ تکنیکی ماہرین، ملٹری انٹیلیجنس اور دیگر شعبوں میں بھی تعاون ہوگا۔
معاہدے پر عمل درآمد کے لیے دونوں ممالک ایگزیکٹو پروٹوکول اور پروگرام کے ذریعے سالانہ منصوبے تیار کریں گے۔ مختلف سطحوں پر سرکاری دوروں کے تبادلے کے ذریعے تعاون کو بڑھایا جائے گا۔
معاہدے کے تحت مشترکہ فوجی کمیٹی قائم کی جائے گی جو دونوں ممالک کے وزرائے دفاع کی مقرر کردہ ہوگی۔ کمیٹی سال میں ایک بار اجلاس منعقد کرے گی اور تبادلہ شدہ خفیہ معلومات کے تحفظ کی دفعات بھی شامل ہوں گی۔
کلاسیفائیڈ دستاویزات اور معلومات کو دوسرے فریق کی تحریری اجازت کے بغیر کسی تیسرے فریق سے شیئر نہیں کیا جا سکتا۔ دونوں ممالک تبادلے کی معلومات کی رازداری کو برقرار رکھنے کا عہد بھی کرتے ہیں۔ معاہدے کی دفعات کسی بھی تیسرے فریق یا عدالت سے رجوع کیے بغیر باہمی مشاورت سے حل کی جائیں گی۔


