اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جو پاکستان مخالف مواد وائرل کر رہا تھا، جس کی خدمات بھارت سے ملتی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا کہ بھارت سے پاکستان مخالف مواد کو وائرل کرنے کے لیے ادائیگیاں کی جا رہی تھیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بوٹ فارمز کے ذریعے مس انفارمیشن کا نیٹ ورک چلایا جا رہا تھا، جس کا تعلق بھارت سے ہے۔ اس نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان کی سالمیت، حکومت، فوج، آرمی چیف اور دیگر اداروں کے خلاف مواد کو سوشل میڈیا پر پھیلایا جا رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار شخص نے انکشاف کیا کہ زیادہ تر مواد آزاد کشمیر کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے موصول ہوتا تھا۔ وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کشمیر کاز کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے اور ان کا کشمیری عوام کے مفاد سے کوئی تعلق نہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ حکومت کے پاس بھارت سے ملنے والی فنڈنگ کے ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں۔ ان کے مطابق کشمیری عوام نے تشدد کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے اور پاکستان کے ساتھ رشتہ مضبوط ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ مس انفارمیشن کا تدارک حکومت کی ذمہ داری ہے اور گرفتار شخص سے تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھارت کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابی کو تسلیم کرتی ہے اور پاکستان ترقی کا سفر جاری رکھے گا۔


