اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بھارت سے روابط کے ثبوت سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را سے منسلک پاکستان مخالف سوشل میڈیا پروپیگنڈا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر منظم انداز میں ریاستی اداروں کے خلاف عوام کو اکسانے کے لیے مواد پھیلایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو اپنے اقدامات پر قوم کو جواب دینا ہوگا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر کمیٹی کے رہنما واقعی کشمیر کے مفادات سے مخلص ہیں، تو انہیں جمہوری عمل میں شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلحے کے زور پر چلائی جانے والی تحریک کا کشمیر کاز سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
عطا تارڑ نے مزید بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی آڑ میں پاکستان مخالف پروپیگنڈا مہم کا حصہ تھا۔ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا کہ بھارت سے مواد فراہم کیا جا رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف غلط معلومات اور گمراہ کن مہم چلانے والے نیٹ ورک کی کڑیاں بھارت سے ملتی ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں اور حقائق سامنے آنے کے بعد ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔


