ہومتازہ ترینسندھ میں 27 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

سندھ میں 27 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

کراچی (لارڈ میڈیا): محکمہ موسمیات نے سندھ کے مختلف اضلاع میں 27 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جس کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ جنوب مغربی راجستھان اور ملحقہ علاقوں میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے اور بحیرہ عرب سے مون سون کی طاقتور ہوائیں جنوبی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع میں آج سے 27 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ ان اضلاع میں تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈو الہ یار، حیدرآباد، سانگھ، بینظیرآباد، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، خیرپور اور دادو شامل ہیں۔

بارشوں کے باعث تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، حیدرآباد اور دیگر علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آئندہ تین روز کے دوران مطلع زیادہ تر ابر آلود رہے گا اور موسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ شہر کے مضافاتی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ دیگر علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ آئندہ 3 روز کے دوران شہر میں بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ اتوار اور پیر کو درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں