ہوماہم ترینعالمی برادری اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے ذریعے پیدا ہونے والے موقع...

عالمی برادری اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے ذریعے پیدا ہونے والے موقع سے فائدہ اٹھائے، اسحاق ڈار

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے عالمی برادری کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے ذریعے پیدا ہونے والے موقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات کے نتیجے میں 47 سال بعد ایران اور امریکا کے درمیان براہ راست رابطے بحال ہوئے ہیں۔

کرغزستان کے شہر چولپون آتا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے اپریل میں ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد مذاکرات کی میزبانی کی، اور تنازعات کا مستقل حل مذاکرات، سفارتکاری اور باہمی احترام سے ہی ممکن ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ایس سی او افغان طالبان پر انسداد دہشتگردی کے وعدے پورے کرنے کے لیے زور دے، کیونکہ افغان طالبان دہشتگرد گروہوں کو سازگار ماحول فراہم کررہے ہیں، جس میں کالعدم ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ شامل ہیں جو افغان سرزمین سے سرگرم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغان سرزمین سے دہشتگردی پاکستان کے لیے بڑا سیکیورٹی چیلنج ہے، اور پاکستان پرامن، مستحکم، علاقائی طور پر مربوط اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے۔ ایس سی او دہشتگردی، علیحدگی پسند اور انتہاپسندی کے خلاف مؤثر تعاون فراہم کر رہی ہے۔

اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان تجارت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے، اور یہ تنظیم معیشت، ثقافت اور امن کے فروغ کے جامع فورم میں تبدیل ہو چکی ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں