اسلام آباد (لارڈ میڈیا) انٹرنیشنل کمپنیوں نے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے ملاقات کے بعد پاکستان میں توانائی اور تیل کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر اتفاق کیا ہے۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بین الاقوامی توانائی کمپنیوں کے نمائندوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں توانائی اور اہم معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق، علی پرویز ملک نے امریکی توانائی کمپنی مورگن ہیوز انرجی کے صدر گریگوری بلوم اور تیجارہ کیپیٹل کے سی ای او احمد ولید سے ملاقات کی۔ دونوں کمپنیاں بلوچستان میں معدنیات کے منصوبوں پر مشترکہ کام کر رہی ہیں۔
مورگن ہیوز انرجی کے صدر نے پاکستان کے تیل و گیس کی موجودہ فیلڈز کی پیداوار بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ علی پرویز ملک نے مقامی توانائی کی پیداوار میں اضافے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر پیٹرولیم نے ویٹول ایشیا کے سی ای او کیرن گالاگر سے بھی ملاقات کی اور گوادر میں ویٹول کی جانب سے بنکرنگ آپریشنز کے کامیاب آغاز پر مبارکباد دی۔ انہوں نے ویٹول کے ہائی سلفر فیول آئل کو ویری لو سلفر فیول آئل میں تبدیل کرنے کے منصوبے کی مکمل حمایت کا وعدہ کیا۔


