اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے نیشنل امیگریشن اینڈ ویلفیئر پالیسی 2026 کا اجرا کر دیا۔ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی لیبر مائیگریشن کے نظم و نسق کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ پالیسی پاکستانیوں کے لیے محفوظ اور منظم نقل مکانی، مہارتوں کی ترقی اور کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بناتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ 20 لاکھ پاکستانی دنیا بھر میں مقیم ہیں اور گزشتہ مالی سال میں 41 ارب امریکی ڈالر کی ترسیلات زر وطن بھیجیں۔ چوہدری سالک حسین نے کہا کہ یہ پالیسی اداروں اور شراکت داریوں کو یکجا کرتی ہے تاکہ ہر پاکستانی کارکن نقل مکانی کے دوران بہتر طور پر تیار اور محفوظ ہو۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں، نفاذ کرنے والے اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ہجرت مواقع، وقار اور قومی ترقی کا راستہ ہونا چاہیے۔


