کویت سٹی (لارڈ میڈیا) : کویت نے آئل ٹینکر پر حملے کے خلاف ایرانی سفیر کو طلب کر لیا ہے۔ کویت کی وزارت خارجہ نے ایرانی سفیر کو طلب کرکے اس حملے پر شدید احتجاج کیا ہے جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ ایران نے ایک روز قبل آبنائے ہرمز سے گزرنے والے کویتی آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا تھا۔
کویتی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ حملہ ریاست کویت کی خود مختاری اور مفادات کی سلامتی کی کھلی خلاف ورزی ہے، بین الاقوامی بحری آمدورفت کے امن اور آزادی کیلئے خطرہ ہے، اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
بیان کے مطابق حملے میں ٹینکر کے عملے کے کئی ارکان بھی زخمی ہوئے۔ کویت نے واضح کیا ہے کہ وہ ضروری اقدامات کرنے کا اپنا حق محفوظ رکھتا ہے اور اس جارحیت اور کویت کے خلاف جاری حملوں کی مکمل ذمہ داری ایران پر عائد کرتا ہے۔


