لاہور (لارڈ میڈیا) : پنجاب یونیورسٹی کے طلباء نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کوچنگ سینٹر لاہور میں منعقدہ نیشنل ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2026 میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی نمائندگی کرتے ہوئے سونے کے 3 تمغے جیت لیے۔ قاسم تسنیم اور عبداللہ لون نے مردوں کی 71 اور 79 کلوگرام کیٹیگریز میں طلائی تمغے حاصل کیے، جبکہ سحر وائیں نے خواتین کی 58 کلوگرام کیٹیگری میں کامیابی حاصل کی۔
اس کامیابی کے ساتھ ایچ ای سی نے مردوں اور خواتین کی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پنجاب یونیورسٹی کی اسپورٹس سلیکشن کمیٹی کے اعلیٰ معیار، جدید ترین تربیتی کیمپوں اور قومی سطح پر بہترین کھلاڑی تیار کرنے کے لیے یونیورسٹی کے مستقل عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔
پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کے عزم اور محنت کو سراہا۔ انہوں نے ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اور ڈی جی اسپورٹس رضوان شوکت کو بھی مبارکباد پیش کی۔
پنجاب یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اسپورٹس ڈاکٹر شبیر سرور نے کھلاڑیوں، کوچز اور معاون عملے کی غیر معمولی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے خاص طور پر ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس محمد عتیق خان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔


