سری نگر (لارڈ میڈیا): کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یومِ الحاقِ پاکستان منا رہے ہیں۔ 19 جولائی 1947 کو آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے سری نگر میں قراردادِ الحاقِ پاکستان منظور کی تھی جس نے ریاست کے مستقبل کا رخ متعین کیا۔
یہ قرارداد کشمیری عوام کی اجتماعی سیاسی بصیرت اور پاکستان سے ان کی غیر متزلزل نظریاتی وابستگی کی نمائندگی کرتی ہے۔ کشمیری قیادت نے سخت ریاستی دباؤ کے باوجود پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کیا جو عوامی امنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ یومِ الحاقِ پاکستان کشمیری عوام کی تاریخی امنگوں کی یاد دلاتا ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کا احترام ناگزیر ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر توجہ دینے کی اپیل کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کشمیری شہداء اور حریت رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 19 جولائی 1947 کی قرارداد کشمیریوں کی اجتماعی امنگوں کی سچی عکاس اور جدوجہدِ آزادی کا اہم سنگِ میل ہے۔


