واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکا نے بغیر لائسنس ڈرائیونگ اور منشیات اسمگلنگ میں ملوث ہونے کی بنا پر بھارتی ٹرک ڈرائیورز پر پابندی لگانے پر غور شروع کردیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی تارکین وطن ٹرک ڈرائیورز کی جگہ امریکی فوج کے سابق اہلکاروں کو تعینات کرنے کی تجویز پیش کی ہے، جس کے نفاذ سے امریکا میں کام کرنے والے تقریباً ڈیڑھ لاکھ بھارتی ٹرک ڈرائیورز متاثر ہوں گے۔
صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ شہریوں کی ہلاکتوں کا باعث بننے والے غیر قانونی تارکین وطن ڈرائیورز کے خلاف تاریخی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈرائیورز سائن بورڈز پڑھنے کی صلاحیت نہیں رکھتے اور ان میں سے کئی منشیات کے عادی ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق بھارتی ٹرک ڈرائیورز امریکا میں سنگین حادثات اور منشیات اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے باعث سخت جانچ کی زد میں ہیں اور بھارتی شہریوں کو ان کی بڑھتی مجرمانہ سرگرمیوں کے باعث مختلف ممالک میں پابندیوں اور ملک بدریوں کا سامنا ہے۔


