واشنگٹن (لارڈ میڈیا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حالیہ حملوں کے بعد امریکی فوج کو سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صدر ٹرمپ نے امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اردن میں ایرانی حملے سے دو امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔
صدر کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، جس میں دونوں فوجیوں نے وطن کے لیے جان قربان کی۔ انہوں نے امریکی سینٹرل کمانڈ کو ایران پر جہنم کے دروازے کھولنے کا حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اپنے فوجیوں پر ہونے والے حملوں کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا۔ ان کے اس بیان کو ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے اردن میں امریکی ایئربیس پر ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں کی تصدیق کی تھی، جس میں دو امریکی فوجی ہلاک جبکہ ایک اہلکار لاپتہ ہوا۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق حملوں میں 29 امریکی فوجی زخمی اور متعدد ہیلی کاپٹر متاثر ہوئے۔
ایران کی کارروائیوں میں عراق کے اربیل میں امریکی قونصل خانے کے قریب دھماکا خیز ڈرون تباہ کیا گیا جبکہ کویت میں امریکی لاجسٹک مرکز اور ایئربیس کے ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا گیا، جہاں فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچا۔


