مکہ مکرمہ (لارڈ میڈیا) سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ رواں عمرہ سیزن کے آغاز سے اب تک زائرین کی تعداد میں 22.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ پاکستانی زائرین کی تعداد سب سے زیادہ رہی ہے۔ 15 ذوالحج 1448 ہجری سے عمرہ سیزن کا آغاز ہوا اور 29 محرم 1448 ہجری تک 9 لاکھ سے زائد زائرین عمرہ کر چکے ہیں۔
وزارت کے مطابق پاکستان سے تقریباً 2 لاکھ افراد عمرہ ادا کرنے کے لیے سعودی عرب آئے ہیں، جبکہ انڈونیشیا سے 1 لاکھ 70 ہزار اور عراق سے 1 لاکھ 30 ہزار زائرین آئے۔ عمرہ ویزوں کا اجرا 31 مئی 2026 سے شروع ہوا تھا اور ان ویزوں کی آخری تاریخ یکم شوال 1448 ہجری (9 مارچ 2027) مقرر ہے۔
عمرہ زائرین کی واپسی کی آخری تاریخ 30 شوال 1448 ہجری (7 اپریل 2027) مقرر کی گئی ہے۔ سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے زائرین کو بروقت رجسٹریشن اور سفری دستاویزات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کوئی دشواری نہ ہو۔
پاکستان میں آئندہ حج کے لیے رجسٹریشن بھی جاری ہے جہاں 3 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد آن لائن رجسٹر ہوچکے ہیں۔ ان میں 2 لاکھ 46 ہزار سرکاری حج اسکیم جبکہ 94 ہزار نجی حج اسکیم کے تحت رجسٹر ہوئے ہیں۔ وزارتِ مذہبی امور جلد حج اخراجات کا شیڈول جاری کرے گی۔


