اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں شامل لیوی، ٹیکسز اور مختلف مارجنز کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ ایک لیٹر پیٹرول پر مجموعی طور پر 125 روپے 73 پیسے جبکہ ایک لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 112 روپے 65 پیسے لیوی، ٹیکس اور مارجنز وصول کیے جا رہے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق 18 جولائی 2026 سے ایک لیٹر پیٹرول کی بنیادی لاگت 191 روپے 42 پیسے بنتی ہے تاہم حکومت نے فی لیٹر قیمت 315 روپے 15 پیسے مقرر کی ہے۔ پیٹرول پر 80 روپے پیٹرولیم لیوی، 5 روپے کلائمیٹ سپورٹ لیوی، 18 روپے 16 پیسے کسٹمز ڈیوٹی، 6 روپے 95 پیسے ان لینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن، 7 روپے 87 پیسے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن اور 8 روپے 64 پیسے ڈیلرز مارجن شامل ہے۔
اسی طرح فی لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل کی بنیادی لاگت 241 روپے 70 پیسے ہے جبکہ حکومت نے اس کی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کی ہے۔ دستاویز کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر مجموعی طور پر 112 روپے 65 پیسے کی لیوی، ٹیکسز اور مختلف مارجنز وصول کیے جا رہے ہیں۔
پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل پر لیوی برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔


