ہومتازہ ترینعالمی انسانی امداد میں پاکستان کا کردار قابلِ ستائش ہے، ٹام فلیچر

عالمی انسانی امداد میں پاکستان کا کردار قابلِ ستائش ہے، ٹام فلیچر

اسلام آباد (لارڈ میڈیا) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل برائے انسانی امور اور ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر ٹام فلیچر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں انسانی امدادی سرگرمیوں، علاقائی امن اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے آفس فار دی کوآرڈینیشن آف ہیومنیٹیرین افیئرز (اوچا) کے انسانی امداد کی فراہمی اور بحرانوں سے متاثرہ افراد کی مدد کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موسمیاتی آفات کے دوران اوچا کی خدمات قابلِ تحسین ہیں اور پاکستان تنظیم کی انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

نائب وزیراعظم نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ آبادی کو امداد کی فراہمی کے لیے اوچا کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی سطح پر انسانی ہمدردی کے اقدامات کا حامی رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل ٹام فلیچر نے خطے میں امن، استحکام اور انسانی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی انسانی امدادی سرگرمیوں میں پاکستان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں، اور عالمی برادری ان کا اعتراف کرتی ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں