پشاور (لارڈ میڈیا): گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران نے معاون خصوصی سیاحت عدیل اقبال کے رویے سے نالاں ہو کر اپنے تبادلے کی درخواست دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق، معاون خصوصی کے حالیہ دورہ گلیات کے دوران افسران کے ساتھ رویہ غیرمناسب رہا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی گئیں۔ واقعہ کے بعد جی ڈی اے کے تین اعلیٰ افسران نے چیف سیکرٹری کو تبادلے کی درخواست دی ہے۔ درخواست دینے والوں میں ڈی جی محمد فہد، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نورالحق اور ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول فرخ جدون شامل ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دورے کے دوران عوامی بیانات اور سوشل میڈیا پر تشہیر سے ادارے کا ماحول متاثر ہوا اور قانونی و انتظامی ابہام کے باعث مؤثر کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔
معاون خصوصی عدیل اقبال نے کہا کہ عوامی شکایات پر گلیات کا دورہ کیا اور وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق تجاوزات کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی نے تبادلے کی درخواست دی ہے تو یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے۔


