تہران (شِنہوا) ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو جمعہ کے روز شمال مشرقی شہر مشہد میں واقع روضہ امام رضا میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کی رپورٹ کے مطابق تدفین سے قبل مرحوم رہنما کے بڑے صاحبزادے مصطفیٰ خامنہ ای نے مرحوم سپریم لیڈر اور اسی حملے میں جاں بحق ہونے والے ان کے اہل خانہ کی نماز جنازہ پڑھائی۔
جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے جنازے کا جلوس شروع ہوا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ شرکاء تابوتوں کے ہمراہ روضہ امام رضا تک گئے اور انہیں لے جانے والی گاڑی کے گرد جمع ہو کر خراج عقیدت پیش کیا۔
آیت اللہ خامنہ ای کے سوگ کی کئی روزہ تقریبات کا آغاز 3 جولائی کو تہران میں ہوا تھا جہاں ایرانی اور غیر ملکی اعلیٰ حکام نے امام خمینی مصلیٰ میں منعقدہ تعزیتی تقریب میں مرحوم رہنما کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس کے بعد ہفتے اور اتوار کو اسی مقام پر 2 روزہ الوداعی تقریبات منعقد ہوئیں جبکہ پیر کے روز تہران میں جنازے کا ایک بڑا جلوس نکالا گیا جس میں ملک بھر سے آنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
منگل کے روز ایران کے وسطی شہر قم میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی، جس کے بعد اگلے روز عراق کے شہروں نجف اور کربلا میں سوگ کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
آیت اللہ علی خامنہ ای تقریباً 37 برس تک ایران کے سپریم لیڈر رہے۔ وہ 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے حملے میں شہید ہوئے۔ مارچ میں ان کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کیا گیا۔


