اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی آئینی عدالت نے رجسٹرار اعتراضات کے خلاف چیمبر اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ رجسٹرار کو درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر واپس کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے چھ صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کا تعین صرف عدالت کر سکتی ہے جبکہ رجسٹرار آفس صرف انتظامی نوعیت کے اعتراضات عائد کر سکتا ہے۔
عدالت نے واضح کیا کہ رجسٹرار آفس درخواست صرف رولز کے خلاف دائر ہونے پر واپس کر سکتا ہے اور کسی صورت عدالتی اختیارات استعمال نہیں کر سکتا۔ فیصلے میں انتظامی افسر کو عدالتی اختیار دینا آئین میں درج اختیارات کی تقسیم کے خلاف قرار دیا گیا ہے۔ رجسٹرار آفس آئینی درخواست کو غیر سنجیدہ بھی قرار نہیں دے سکتا۔
واضح رہے کہ رجسٹرار آفس نے رضیہ اسلم کی آئینی درخواست 14 فروری کو ناقابل سماعت ہونے کا اعتراض لگا کر واپس کر دی تھی جس پر درخواست گزار نے چیمبر اپیل دائر کی تھی۔


