بشکیک (لارڈ میڈیا): پاکستان اور کرغزستان نے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ صدر آصف علی زرداری اور کرغزستان کے صدر جپاروف کے درمیان ملاقات میں جاری مشترکہ اعلامیے میں پاک۔کرغز تعلقات میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
صدر زرداری کے چار روزہ دورہ کرغزستان کے دوران دونوں رہنماؤں نے گزشتہ معاہدوں پر مؤثر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں خصوصی توجہ کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ کاسا-1000 منصوبے پر مؤثر عمل درآمد کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
ملاقات میں کان کنی، زراعت، ٹیکسٹائل، صحت، ویکسین، ڈیجیٹل معیشت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔ ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور ٹرانزٹ رابطوں کو بہتر بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔
دونوں ممالک نے دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ اور سائبر کرائم کے خلاف مشترکہ اقدامات پر بھی اتفاق کیا۔ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔


