لاہور (لارڈ میڈیا): لاہور میں تمام نجی سکولوں کے لیے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی نجی سکول کی رجسٹریشن یا تجدید ممکن نہیں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق، لاہور کے تقریباً 3 ہزار 500 نجی سکولوں کو بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں کرائے کی عمارتوں اور رہائشی عمارتوں میں قائم نجی سکولوں کی خصوصی جانچ کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
تجویز کے مطابق، نجی سکولوں کی عمارتوں کا مکمل سٹرکچرل سیفٹی آڈٹ کرایا جائے گا اور حفاظتی معائنے کے لیے تھرڈ پارٹی انجینئرنگ کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ جانچ کا عمل شفاف اور تکنیکی معیار کے مطابق ہو۔
منصوبے کے تحت سکولوں کی عمارتوں کا ڈسٹرکٹو اور نان ڈسٹرکٹو ٹیسٹنگ کے ذریعے معائنہ کیا جائے گا تاکہ عمارتوں کی مضبوطی اور حفاظتی معیار کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو پنجاب بھر میں بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا کے لیے ایک جامع نظام وضع کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔
سفارشات میں کہا گیا ہے کہ تھرڈ پارٹی جانچ سے شفافیت، تکنیکی معیار اور بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جائے جبکہ غیر محفوظ عمارتوں میں قائم نجی تعلیمی اداروں کی نشاندہی کرکے طلبہ کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔


