کراچی (لارڈ میڈیا): مومن آباد پولیس نے یونین کونسل نمبر 5 کے صدر کو قتل اور دو افراد کو زخمی کرنے کے واقعے میں ملوث موٹر سائیکل رائیڈر کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الہیٰ مستوئی کے مطابق یہ واقعہ یکم جولائی کی شب اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10 غوثیہ چوک پر پیش آیا تھا۔ پولیس نے واقعے کی خفیہ اطلاع اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبدالحمید عرف کاکا کو گرفتار کیا۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ جائے وقوع سے حاصل کردہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو مرکزی قاتل کو مسلح حالت میں موٹرسائیکل پر لاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ مع ایمونیشن بھی برآمد کیا ہے۔
گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے تفتیشی حکام کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ مقدمے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔


