ہومانٹرنیشنلبلوچستان میں بس حادثہ، 40 افراد جاں بحق، امداد جاری

بلوچستان میں بس حادثہ، 40 افراد جاں بحق، امداد جاری

کوئٹہ (لارڈ میڈیا): بلوچستان کے علاقے شیرانی میں دانہ سر میں مسافر بس کے حادثے کے نتیجے میں 40 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات بلوچستان، شاہد رند نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے سرحدی علاقے دانہ سر میں بس حادثے میں 40 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے۔

شاہد رند نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر حادثے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ سے فوری رابطہ کیا گیا اور ریسکیو و امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کا شکار بس میں ایک دوسری خراب ہونے والی مسافر بس کے مسافر بھی سوار تھے، جس کی وجہ سے بس میں گنجائش سے زیادہ افراد موجود تھے۔

ریسکیو اہلکار کھائی میں گرنے والے مسافروں کو نکالنے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے میں مصروف ہیں، جبکہ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔ دانہ سر قومی شاہراہ این-50 پر واقع ایک اہم پہاڑی درہ ہے جو بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے درمیان مرکزی زمینی رابطے کا کردار ادا کرتا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان نے فوری طور پر ریسکیو اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور ضلعی انتظامیہ، ایف سی اور ریسکیو ادارے جائے حادثہ پر سرگرم ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں