لاہور (لارڈ میڈیا): اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ ہراسانی اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کو ریلیف مل گیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نصرت علی صدیقی نے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران ثاقب چدھڑ اپنی اہلیہ سمیرا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ سمیرا اب تک تفتیش میں شامل نہیں ہوئیں جبکہ دونوں ملزمان کے موبائل فون فرانزک تجزیے کے لیے بھیجے جا چکے ہیں۔ تفتیشی افسر کے مطابق مقدمے کی تحقیقات مکمل کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔
عدالت نے ملزمہ سمیرا کو تفتیش میں شامل ہونے کا ایک اور موقع دیتے ہوئے سماعت 13 جولائی تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے اداکارہ مومنہ اقبال کی درخواست پر ہراسانی اور دھمکیوں کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔


