دنیا بھر (لارڈ میڈیا): دنیا کے مختلف حصوں میں مون سون کی شدید بارشوں اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔ بھارت کی کئی ریاستیں اور مغربی افریقا کے ملک گھانا شدید قدرتی آفت کی لپیٹ میں ہیں، جہاں درجنوں بستیاں پانی میں ڈوب چکی ہیں اور قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے۔
بھارت کی ریاست آسام اور اروناچل پردیش میں مسلسل بارشوں کے بعد شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ کئی دیہات پانی میں ڈوب گئے ہیں جبکہ سیلابی ریلے آبادیوں میں داخل ہو گئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں لوگ گاڑیوں کی جگہ کشتیوں کا استعمال کرنے پر مجبور ہیں اور کئی افراد محفوظ مقامات کی طرف پیدل نقل مکانی کر رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اروناچل پردیش میں ہونے والی شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی ریلے آسام اور شمال مشرقی علاقوں کی طرف بڑھ رہے ہیں جس سے صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ اسی دوران بھارت کے مالیاتی شہر ممبئی میں بھی مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے سڑکیں اور نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔
موسمی حالات مزید خراب ہونے کی پیش گوئی کے بعد انتظامیہ نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ دوسری جانب مغربی افریقہ کے ملک گھانا میں بھی شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ ایک ہی دن میں تقریباً 169 ملی میٹر بارش کے بعد کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔
مختلف حادثات اور سیلابی ریلوں میں اب تک درجنوں افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے جبکہ کئی افراد لاپتا ہیں۔ امدادی ٹیموں نے تقریباً 400 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے جبکہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔


