ہومانٹرنیشنلممبئی محرم جلوس میں زہریلی سازش ناکام، ملزم گرفتار

ممبئی محرم جلوس میں زہریلی سازش ناکام، ملزم گرفتار

ممبئی (لارڈ میڈیا): بھارتی شہر ممبئی میں یومِ عاشور کے جلوس کے دوران زہریلی کیپسول تقسیم کرکے ہزاروں افراد کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص فیاض پریم جی کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کو بائیکلہ کے علاقے میں اس وقت حراست میں لیا گیا جب تقریباً 11 افراد مبینہ طور پر اس کی تقسیم کردہ کیپسول کھانے کے بعد بیمار ہوگئے۔ ان متاثرہ افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج کے بعد ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر آف پولیس جینت مینا نے بتایا کہ ملزم نے عاشورہ کے جلوس میں شریک افراد کو یہ کہہ کر کیپسول دیے کہ یہ درد کش دوا اور قوتِ مدافعت بڑھانے والی گولیاں ہیں۔ تاہم کیپسول میں زنک فاسفائیڈ نامی زہریلا مادہ پایا گیا۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے قبضے سے تقریباً 14 ہزار 900 کیپسول برآمد کیے۔ مزید تفتیش میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ ملزم نے 30 ہزار خالی کیپسول اور 50 کلوگرام فاسفورس بھی منگوایا تھا۔

یہ سازش تین رضاکار خواتین کی ہوشیاری کے باعث ناکام ہوئی، جنہوں نے ملزم کو مشکوک انداز میں کیپسول تقسیم کرتے دیکھا اور پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران اعتراف کیا کہ اس کا مقصد کم از کم 15 ہزار افراد کو ہلاک کرنا تھا۔ اس کے خلاف زہر کے ذریعے نقصان پہنچانے کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں