ہومتازہ ترینچینی ماہرِ موسمیات شو جیان مِن نےموسمیات کا’’نوبل انعام‘‘ جیت لیا

چینی ماہرِ موسمیات شو جیان مِن نےموسمیات کا’’نوبل انعام‘‘ جیت لیا

چین کی انجینئرنگ اکیڈمی کے رکن اور چین کی موسمیاتی انتظامیہ (سی ایم اے) کے ممتاز سیٹلائٹ موسمیات کے ماہر شو جیان مِن کو بدھ کے روز جنیوا میں 70ویں بین الاقوامی موسمیاتی تنظیم (آئی ایم او) انعام سے نوازا گیا۔

ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عالمی موسمیاتی تنظیم (ڈبلیو ایم او) کی سیکرٹری جنرل سیلیسٹ ساؤلو نے سیٹلائٹ موسمیات کے فروغ اور سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والے موسمیاتی اعداد و شمار کو قابلِ اعتماد، عملی اور مؤثر بنانے کے لئے شو جیان مِن کی طویل خدمات کو سراہا۔

ساؤلو نے کہا کہ شو جیان مِن کی قیادت میں چین کے فینگ یون (ایف وائی) موسمیاتی سیٹلائٹس کے استعمال کا دائرہ مسلسل وسیع ہوا ہے جبکہ ان کے عملی نظام میں بھی مسلسل بہتری لائی گئی ہےجس سے عالمی سطح پر موسم کی نگرانی، پیش گوئی اور شواہد پر مبنی فیصلہ سازی کو مضبوط معاونت ملی۔

انہوں نے مغربی ایشیا، مشرقی افریقہ اور بحرِ ہند کے خطے کے لئے مشاہداتی اعداد و شمار فراہم کرنے میں فینگ یون (ایف وائی) سیٹلائٹس کے اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔

خاص طور پر فینگ یون 2 ایچ سیٹلائٹ کے مدار کی بہتری نے بحرِ ہند کے اوپر جغرافیائی ساکن موسمیاتی مشاہدات میں طویل عرصے سے موجود دیرینہ خلا کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس سے عالمی موسمیاتی تنظیم (ڈبلیو ایم او)کے بحرِ ہند ڈیٹا کوریج منصوبے کو نمایاں تقویت حاصل ہوئی۔

ساؤلو نے نوجوان سائنسدانوں اور ماہرین کی رہنمائی و تربیت کے لئے شو جیان مِن کی غیر معمولی وابستگی کے ساتھ ساتھ سائنسی تحقیق میں ان کے سنجیدہ، حقیقت پسندانہ اور بے لوث طرزِ عمل کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

ہر سال دیا جانے والا بین الاقوامی موسمیاتی تنظیم (آئی ایم او) انعام عالمی موسمیاتی برادری کا اعلیٰ ترین اعزاز تصور کیا جاتا ہے اور اسے اکثر ’موسمیات کا نوبل انعام‘ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ انعام موسمیات، آبیات اور ارضی طبعی علوم میں غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں ہر سال صرف ایک شخصیت کو دیا جاتا ہے۔

چین کی موسمیاتی انتظامیہ (سی ایم اے) کے مطابق شو جیان مِن چین کے فینگ یون (ایف وائی) موسمیاتی سیٹلائٹ پروگرام کے بنیادی بانیوں اور اولین معماروں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے اس سیٹلائٹ سلسلے کی ترقیاتی حکمتِ عملی مرتب کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے ایف وائے ون قطبی مدار اور ایف وائے ٹو جغرافیائی ساکن سیٹلائٹس کی تحقیق، تیاری اور کامیاب لانچ کی قیادت کی جس کے نتیجے میں چین کی خلائی موسمیاتی صلاحیتوں میں تاریخی پیش رفت ممکن ہوئی۔

شو جیان مِن یہ باوقار اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے چینی سائنس دان ہیں۔ اس سے قبل یے دُو ژینگ، چھِن دا حہ اور زینگ چھِنگ چھینگ بھی یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔

جنیوا، سوئٹزرلینڈ سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں