اسلام آباد (لارڈ میڈیا): حج 2027 کی آن لائن رجسٹریشن کے پہلے پانچ دنوں میں ایک لاکھ 7 ہزار 587 افراد نے رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کے مطابق رجسٹریشن کا عمل ‘پہلے آئیں، پہلے پائیں’ کی بنیاد پر جاری ہے، اور یہ سلسلہ مزید چند دن تک جاری رہے گا۔
ترجمان نے کہا کہ 85 ہزار افراد نے سرکاری جبکہ 22 ہزار نے پرائیویٹ حج سکیم کا انتخاب کیا ہے۔ 56 ہزار افراد نے لانگ حج پیکیج اور 51 ہزار نے شارٹ حج پیکیج کو ترجیح دی ہے۔ رجسٹریشن کرانے والوں میں 63 ہزار مرد اور 44 ہزار خواتین شامل ہیں۔
پنجاب میں سب سے زیادہ 51,000 افراد نے رجسٹریشن کرائی، سندھ میں 33,000، خیبرپختونخوا میں 15,000، اسلام آباد میں 5,500، بلوچستان میں 2,000، آزاد کشمیر میں 600 اور گلگت بلتستان میں 2 افراد نے رجسٹریشن مکمل کی ہے۔


