ارمچی (شِنہوا) چین کے نائب وزیراعظم ڈنگ شوئے شیانگ نے چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خودمختار علاقے کے دارالحکومت ارمچی میں چین اور یوریشیائی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ باہمی فائدے پر مبنی تعاون کے ذریعے مزید نتیجہ خیز نتائج حاصل کریں اور علاقائی و عالمی ترقی میں مزید استحکام اور مثبت توانائی پیدا کریں۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن ڈنگ شوئے شیانگ نے ان خیالات کا اظہار 9ویں "چین-یوریشیا ایکسپو” کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔
ڈنگ نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی)کے تحت بین الاقوامی تعاون کے لئے یوریشیائی خطہ ایک ترجیحی خطہ بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ برسوں میں چین نے تمام یوریشیائی فریقین کے ساتھ مل کر امن و تعاون، کھلے پن و شمولیت، باہم سیکھنے اور باہمی فائدے کے اصولوں کو برقرار رکھا ہے اور تمام شعبوں میں عملی تعاون کو مستقل مزاجی سے آگے بڑھایا ہے۔
ڈنگ نے چین-یوریشیا تعاون کے لئے ایک 4 نکاتی تجویز پیش کی، جس میں ترقیاتی حکمت عملیوں کو ایک دوسرے سے ہم آہنگ کرنے کے عمل کو مزید گہرا کرنا، اعلیٰ سطح کے کھلے پن کو وسعت دینا، ایک متنوع اور فعال روابط کا نیٹ ورک قائم کرنا، ترقی کے نئے محرکات کو فروغ دینا اور مضبوط بنانا شامل ہے۔
ڈنگ نے کہا کہ چینی حکومت ہمیشہ کی طرح سنکیانگ کی فعال حمایت جاری رکھے گی تاکہ وہ اپنی مقامی صورتحال کے مطابق اعلیٰ معیار کی ترقی کی راہ تلاش کر سکے، شاہراہ ریشم اقتصادی پٹی کے بنیادی زون کی ترقی کو تیز کر سکے اور اسے ملکی و بین الاقوامی "ڈوئل سرکولیشن” کو فروغ دینے میں بڑا کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔
قازقستان کے نائب وزیراعظم سیرک جھومانگارین، کرغزستان کی کابینہ کے وزراء کے ڈپٹی چیئرمین ارلسٹ اکون بیکوف اور پاکستان کی قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے افتتاحی تقریب میں شرکت اور خطاب کیا ۔
ڈنگ نے 24 اور 25 جون کو ان رہنماؤں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جہاں انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کا موقع حاصل کیا۔
ڈنگ نے کہا کہ چین تمام فریقین کے ساتھ باہمی سیاسی اعتماد مزید بڑھانے، بنیادی مفادات اور اہم تحفظات سے متعلق مسائل پر ایک دوسرے کی مضبوط حمایت کرنے، مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو مستحکم اور وسیع کرنے، عوامی اور ثقافتی تبادلوں کو مضبوط بنانے اور کثیر ملکی فورمز کے دائرہ کار میں ہم آہنگی اور تعاون کو بہتر بنانے کے لئے تیار ہے تاکہ تمام ممالک اور ان کے عوام کو بہتر فوائد پہنچائے جا سکیں۔
غیر ملکی معززین نے علاقائی اور عالمی امن و ترقی کے فروغ میں چین کے اہم کردار کو زبردست الفاظ میں سراہا اور اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو آگے بڑھانے، معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے اور دیگر شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔


