لاہور (لارڈ میڈیا): نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکا ایران جنگ میں اللہ نے پاکستان سے کام لیا اور آج دنیا میں پاکستان کو پیس میکر کے نام سے جانا جاتا ہے۔ لاہور میں داتا گنج بخش کے مزار کو غسل دینے کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امن کے لیے انتھک محنت کی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے ایران پر حملے کی سب سے پہلے مذمت کی اور ایران کے ساتھ کھڑا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس نے اسلامی ممالک میں سے اس حملے کی مذمت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے معیشت کو سہارا دے کر دوبارہ پٹری پر ڈالا۔ ڈار نے کہا کہ ہمیں معاشی قوت بننا ہے اور وزیراعظم دن رات کوشش کر رہے ہیں تاکہ پاکستان کی ترقی ہو۔ انہوں نے عوام سے دعا کی اپیل کی کہ پاکستان سے تیل اور سونا نکلے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ آج دنیا کا ہر ملک پاکستان کو جانتا ہے اور پاکستان کو تنہا کرنے کے خواب دیکھنے والوں کو رسوائی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر ملک کو ایک نظر سے دیکھتے ہیں اور بری نظر والوں کی آنکھیں نکال دیں گے۔


