سڈنی (لارڈ میڈیا): تازہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر کے ہر 5 میں سے 4 بچے سوشل میڈیا استعمال کر رہے ہیں، حالانکہ دسمبر 2025 میں ان پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ 80 فیصد سے زیادہ بچے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے ٹک ٹاک، فیس بک، انسٹاگرام، ایکس (ٹوئٹر)، یوٹیوب اور اسنیپ چیٹ استعمال کرتے ہیں۔
نیو کیسل یونیورسٹی کی تحقیق میں 12 سے 17 سال کی عمر کے 408 بچوں کو شامل کیا گیا اور پتہ چلا کہ پابندی کا نفاذ نہ ہونے کے برابر ہے۔ محققین نے بتایا کہ حکومتی پابندی کے باوجود بچوں میں سوشل میڈیا کے استعمال میں کمی نہیں آئی ہے۔
تحقیق سے معلوم ہوا کہ دسمبر سے فروری کے دوران بچوں کی جانب سے سوشل میڈیا کے استعمال میں معمولی کمی آئی۔ عمر کی تصدیق کے ناکافی نظام کی وجہ سے 85 فیصد بچے پابندی کے بعد بھی سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں۔
دوتہائی بچوں نے بتایا کہ انہوں نے عمر کی تصدیق کا عمل مکمل کیا جبکہ کچھ نے عمر کی پابندی کو بائی پاس کرنے کے طریقے اپنائے۔ ماہرین کے مطابق محض پابندی سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔


