ہومUncategorizedمتحدہ عرب امارات کا غیر ملکی بینک پر منی لانڈرنگ خلاف ورزی...

متحدہ عرب امارات کا غیر ملکی بینک پر منی لانڈرنگ خلاف ورزی پر جرمانہ عائد

ابوظہبی (لارڈ میڈیا): متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر ایک غیر ملکی بینک کی مقامی شاخ پر 2 کروڑ درہم کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ یہ اقدام مالیاتی نظام کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا۔

مرکزی بینک نے بتایا ہے کہ یہ کارروائی وفاقی حکمنامہ قانون برائے مرکزی بینک اور مالیاتی اداروں کے تحت کی گئی، جس کا مقصد مالیاتی شعبے میں خطرات کو کم کرنا اور بین الاقوامی معیار کے مطابق نگرانی کو مضبوط بنانا ہے۔

معائنے کے نتائج سے ظاہر ہوا کہ بینک کی شاخ نے انسداد منی لانڈرنگ، دہشت گردی اور غیر قانونی تنظیموں کی مالی معاونت کی روک تھام کے نظام پر مؤثر عمل درآمد نہیں کیا، جس سے مالیاتی نظام کی سالمیت کو خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔

اسی تناظر میں بینک کے ہیڈ آف کمپلائنس اور منی لانڈرنگ رپورٹنگ آفیسر پر بھی 3 لاکھ درہم کا انفرادی جرمانہ عائد کیا گیا ہے کیونکہ وہ اپنی ذمہ داریوں کی مؤثر انجام دہی میں ناکام رہے۔

مرکزی بینک نے کہا ہے کہ وہ مالیاتی اداروں کی ملکی قوانین اور بین الاقوامی معیارات کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ یو اے ای کا مالیاتی نظام شفاف اور عالمی سرمایہ کاروں کے لیے قابل اعتماد رہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں