اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان نے کشمیر اور فلسطین کے حل طلب تنازعات کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور چین کی میزبانی میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایریا فارمولا اجلاس ہوا، جس میں سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مؤثر، غیر جانبدارانہ اور بروقت عملدرآمد کے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اجلاس میں اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل خالد خیاری اور انٹرنیشنل کرائسس گروپ کے رچرڈ گوان نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں رکن ممالک نے پاکستان اور چین کی جانب سے اس اہم موضوع پر بحث کے انعقاد کا خیر مقدم کیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اپنے خطاب میں کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادیں محض سفارشات نہیں بلکہ بین الاقوامی قانونی ذمہ داریاں ہیں۔ قراردادوں پر طویل عرصے تک عملدرآمد نہ ہونا سلامتی کونسل کی ساکھ کو متاثر کرتا ہے اور تنازعات کو مزید طول دیتا ہے۔
عاصم افتخار نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے حل طلب تنازعات کو عالمی امن وسلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان معاملات پر سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل نہ ہونے کے باعث انسانی المیے جنم لے رہے ہیں اور خطے میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے۔
اجلاس میں رکن ممالک نے چین اور پاکستان کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے قراردادوں پر عملدرآمد کے لئے مستقل سفارت کاری، باقاعدہ جائزے، اور مؤثر نگرانی کی ضرورت پر زور دیا۔


