اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ نے امریکا-ایران کشیدگی کے پرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق مذاکراتی عمل میں تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ٹیلیفون پر چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے گفتگو کی، جہاں انہیں سی پی سی کے 105ویں یوم تاسیس پر مبارک باد دی۔ دونوں رہنماؤں نے سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں پاکستان اور قطر کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا۔ اسحاق ڈار نے وانگ یی کو آگاہ کیا کہ اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت کے تحت ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ جوہری معاملے، پابندیوں اور تنازعات کے حل کے لیے تین ورکنگ گروپس بھی تشکیل دیے گئے ہیں، جن کا مقصد 60 دنوں میں حتمی معاہدہ کرنا ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق تنازعات کے پرامن حل پر زور دیا۔


