لاہور (لارڈ میڈیا): محکمہ صحت و آبادی پنجاب نے فیملی پلاننگ کے فروغ کیلئے سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت فیس بک، انسٹاگرام، یوٹیوب اور ٹک ٹاک پر خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ آئندہ مالی سال کے لیے منصوبے کے لیے 56 کروڑ پچاس لاکھ روپے مختص کر دیے گئے ہیں۔
منصوبے کے تحت سوشل اوپینین انفلوئنسرز کے ذریعے فیملی پلاننگ سے متعلق آگاہی پھیلائی جائے گی تاکہ آبادی میں توازن اور خاندانی منصوبہ بندی کے لیے ڈیجیٹل آگاہی مہم کا آغاز ہو سکے۔
حکومت نوجوانوں اور شادی شدہ جوڑوں تک فیملی پلاننگ کا پیغام پہنچانے کے لیے انفلوئنسرز کا استعمال کرے گی۔ عوامی رویوں میں تبدیلی لانے کے لیے سوشل میڈیا پر مہم تیار کی گئی ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق منصوبے پر اب تک 18 کروڑ 27 لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں جبکہ مالی سال 28-2027 کے لیے بھی منصوبے کے لیے 3 کروڑ 16 لاکھ روپے کی تجویز دی گئی ہے۔ فیملی پلاننگ پروگرام میں انفلوئنسرز، رائے ساز شخصیات اور ڈیجیٹل کریئیٹرز شامل ہوں گے۔


