اسلام آباد (لارڈ میڈیا): قومی اسمبلی نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو ترمیمی بل 2026 کو کثرتِ رائے سے منظور کر لیا ہے، جس کے تحت ایف بی آر کے ماضی کے احکامات، نوٹیفکیشنز اور معاہدوں کو قانونی تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت اجلاس میں وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے بل پیش کیا، جسے ایوان نے منظور کر لیا۔
بل کے تحت ایف بی آر ایکٹ 2007 میں بعض شقوں کے خاتمے اور نئی دفعات کے اندراج سمیت کئی اہم ترامیم کی گئی ہیں۔ یہ ترامیم سپریم کورٹ کے مصطفیٰ امپیکس فیصلے کے تناظر میں کی گئی ہیں، جس کا مقصد ادارے میں انتظامی تسلسل برقرار رکھنا اور قانونی ابہام کا خاتمہ کرنا ہے۔
ایف بی آر ایکٹ کی دفعہ دو، پانچ اور چھ میں ترامیم منظور کی گئی ہیں۔ ترامیم کے ذریعے پالیسی بورڈ سے متعلق شق کو ختم کر دیا گیا ہے جبکہ نئی دفعہ پچیس کے تحت ماضی میں کی جانے والی تمام تقرریوں اور فیصلوں کی توثیق کی گئی ہے۔


