راولپنڈی (لارڈ میڈیا): فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے لیبیا کی عرب مسلح افواج کے نائب کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور فوجی تربیت میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل ہیڈ کوارٹرز آمد پر لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال، اور عسکری روابط کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقین نے دفاعی تعلقات کو مضبوط کرنے اور پیشہ ورانہ عسکری تربیت میں تعاون کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ نے پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خطے میں امن کے قیام کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔


