لاہور (لارڈ میڈیا): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ہنرمند نوجوان ہی پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اور بیرونِ ملک مواقع سے فائدہ اٹھانا اہم ہے۔ انہوں نے پرواز کارڈ پروگرام کے تحت تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں سے ملاقات کے دوران انہیں مبارکباد دی۔
انہوں نے نوجوانوں کے جذبے اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک کام کرنے سے نوجوان دنیا کے جدید نظام اور ترقی یافتہ ممالک کے طرزِ عمل سے آگاہ ہوتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی افرادی قوت کا بڑا حصہ غیر ہنر مند ہے، جس کی وجہ سے انہیں بہتر تنخواہ اور مقام حاصل کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ حکومت پنجاب نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فنی تعلیم اور سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے نوجوان بہتر مواقع حاصل کر سکتے ہیں۔ سعودی عرب اور ملائیشیا سمیت مختلف ممالک کی کمپنیوں کے ساتھ روابط کے ذریعے روزگار کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند نوجوانوں کو درپیش مالی مشکلات کو مدنظر رکھا ہے اور انہیں آسان شرائط پر قرضوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔


