اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان خطے کے امن کیلئے تعمیری اور فعال کردار ادا کرتا رہے گا، یہ بات ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہی۔ انہوں نے بتایا کہ امریکا ایران معاہدے میں عالمی برادری نے پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صدر آصف زرداری اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کیں۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کا عزم کیا۔
ترجمان نے کہا کہ برگن سٹاک، سوئٹزر لینڈ میں ایران اور امریکا کے مذاکرات پاکستان کی ثالثی میں ہوئے۔ ان مذاکرات میں پاکستان اور قطر نے ثالث کا کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں کئی نکات پر بات چیت کی گئی اور پاکستان کی تکنیکی ٹیم مزید پیش رفت کے لئے فریقین سے رابطے میں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے کیلئے تین تکنیکی ورکنگ گروپس بنائے گئے ہیں جو نیوکلیئر پروگرام، پابندیوں اور لبنان کی صورتحال پر کام کر رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن کے لئے اپنے کردار پر عالمی برادری کی ستائش کا خیر مقدم کرتا ہے اور اس کردار کو جاری رکھے گا۔
انہوں نے صومالیہ میں پاکستانی یرغمالیوں کی رہائی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی سفارتی ٹیم صومالیہ کا دورہ کر رہی ہے اور مختلف ذرائع سے رہائی کی کوششیں جاری ہیں۔


