اسلام آباد (لارڈ میڈیا): صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی فورمز پر خواتین سفارتکاروں کی مؤثر نمائندگی کو سراہتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین سفارتکار امن، مکالمے اور تعاون کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔
صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں خواتین کی سفارتی خدمات کی روشن روایت موجود ہے، جس کی مثال بیگم رعنا لیاقت علی خان اور شائستہ اکرام اللہ نے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بڑھایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پاکستان کے عالمی روابط کو مستحکم کیا، اور موجودہ عالمی چیلنجز میں خواتین سفارتکاروں کی ذمہ داریاں مزید اہم ہوگئی ہیں۔
آصف علی زرداری نے زور دیا کہ آئینِ پاکستان خواتین اور مردوں کو مساوی حقوق فراہم کرتا ہے، اور پاکستانی خواتین بین الاقوامی تنظیموں میں اہم ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔
صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان دنیا کے ساتھ سنجیدہ اور بامقصد روابط کے فروغ کے لئے پُرعزم ہے، اور خواتین سفارتکار اس میں اہم کردار ادا کریں گی۔


