پیرس (شِنہوا) فرانسیسی روزنامے لے موند نے منگل کو رپورٹ کیا ہے کہ پیر کے روز کم از کم 36 تجارتی بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے، جو ایران میں تنازع کے آغاز کے بعد سے ایک ریکارڈ ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ تعداد معمول کے امن کے دورانیے کے اوسط تقریباً 120 جہاز روزانہ کے مقابلے میں اس سمندری گزرگاہ کی تقریباً ایک تہائی ٹریفک کے برابر ہے۔ یہ اعداد و شمار بحری تجزیاتی کمپنی کپلر کے ڈیٹا کا حوالہ دیتے ہوئے دیئے گئے۔
آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین توانائی ترسیلی راستوں میں سے ایک ہے۔ تنازع سے پہلے عالمی تیل اور مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کے پانچویں حصے سے زیادہ اسی آبی راستے سے گزرتا تھا، جو خلیجی ممالک کو اناج اور دیگر اشیائے صرف کی ترسیل کے لئے بھی اہم ہے۔
امریکہ اور ایران کے مذاکرات کار قطر اور پاکستان کی ثالثی میں اتوار کے روز سوئٹزرلینڈ کے وسطی پہاڑی تفریحی مقام برگن سٹاک میں بات چیت کا آغاز کر چکے ہیں، جو گزشتہ ہفتے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کے بعد دونوں فریقین کے درمیان پہلی براہ راست بات چیت ہے۔
مفاہمتی یادداشت کے مطابق امریکہ اور ایران نے تمام محاذوں پر فوری اور مستقل طور پر فوجی کارروائیوں کے خاتمے کا اعلان کیا، جس میں لبنان بھی شامل ہے اور وہ زیادہ سے زیادہ 60 دن کے اندر حتمی امن معاہدے تک پہنچنے کے لئے مذاکرات اور پیش رفت کے پابند ہیں۔


