مری (لارڈ میڈیا): مری ڈیولپمنٹ پلان کے تحت مال روڈ پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آپریشن جاری ہے، جس میں ہل سائیڈ پر قائم دکانیں اور ہوٹل خالی کرا دیے گئے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر مری کے مطابق متاثرہ تاجروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کل تک اپنا تمام سازوسامان نکال کر جگہ کا قبضہ چھوڑ دیں۔ مال روڈ آپریشن آئندہ پندرہ روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کے احکامات پر منصوبے کے لیے 20 کنال اراضی ایکوائر کی گئی ہے تاکہ مری ڈیولپمنٹ پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
متاثرہ تاجروں نے آپریشن پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے اب تک کسی قسم کا معاوضہ ادا نہیں کیا گیا، مال روڈ کے کئی تاجر دکانیں خالی کرتے ہوئے آبدیدہ بھی ہو گئے۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدام سے ان کا روزگار متاثر ہوا ہے، اس لیے انہیں مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو کسی دوسری جگہ منتقل کر سکیں۔


